عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 37 ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس سونا 4509 ڈالر تک جا پہنچا۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑا، جہاں سونے کے دام ہزاروں روپے بڑھ گئے۔
مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط ایک تولہ سونا 3700 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3172 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 5 ہزار 745 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت بھی پیچھے نہ رہی، ایک تولہ چاندی 270 روپے اضافے کے ساتھ 8465 روپے میں فروخت ہونے لگی۔
صرافہ بازار کے مطابق قیمتی دھاتوں میں اس تیزی نے زیورات کے خریداروں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ شادی بیاہ کے سیزن میں سونے کی بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے بڑا چیلنج بن گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار کیا ہوں گے؟
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 34 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد فی اونس سونا 4472 ڈالر کی سطح تک پہنچا تھا۔
اس اضافے کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3400 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 69 ہزار 562 روپے جبکہ 10 گرام سونا 2915 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 2 ہزار 573 روپے کا ہو گیا تھا۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا سونے کی جانب رجحان قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔