سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
Gold price drop Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ایک دن کی تیزی کے بعد مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوبارہ نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں حالیہ دنوں کی سب سے بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 4700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 55 ہزار 562 روپے پر آ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4030 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 90 ہزار 570 روپے ہو گئی ہے۔

قیمتوں میں اس اچانک کمی نے زیورات خریدنے والوں اور سرمایہ کاروں دونوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

چاندی کی قیمت میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہا، رپورٹس کے مطابق چاندی کی فی تولہ قیمت 106 روپے کمی کے بعد 7756 روپے پر آ گئی، جو حالیہ دنوں کی کم ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 47 ڈالر سستا ہو کر 4332 ڈالر پر آ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سال 2026 ہونڈا CG 125 کی نئی قیمت اور فیچرز کا اعلان

 

 

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر شرح سود، ڈالر کی قدر اور معاشی غیریقینی صورتحال سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں مندی کا رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر مزید کمی کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ شادیوں کے سیزن اور مقامی طلب میں اضافے سے قیمتیں دوبارہ مستحکم ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ کمی عام صارفین کیلئے وقتی ریلیف سمجھی جا رہی ہے، جبکہ سرمایہ کار صورتحال کا محتاط جائزہ لے رہے ہیں۔