صنعتی ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 11 روپے تک کمی ہو سکتی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 8.50 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جو مہنگے ایندھن سے پریشان صارفین کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہو گی۔
مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 75.05 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 69.73 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 156.66 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 145.66 روپے فی لیٹر ہونے کا اندازہ ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی عالمی قیمت 84.27 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 79.92 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے جس کے باعث پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر تقریباً 9 روپے کمی کا امکان ہے اور ایکس ریفائنری قیمت 155.35 روپے فی لیٹر کے قریب ہو سکتی ہے، دیگر پیٹرولیم مصنوعات میں بھی اسی نوعیت کی کمی متوقع ہے جن میں مٹی کا تیل فی لیٹر 9 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر 6.50 روپے تک سستا ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آج اپنے حتمی سفارشات وزارتِ خزانہ کو پیش کرے گی، حکام عالمی خام تیل کی قیمتوں کے رجحان پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی برقرار رہی تو مقامی سطح پر مزید کمی بھی ممکن ہے۔
توانائی کے ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے، مہنگائی میں کمی آئے گی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑے گا، نئے سال کے آغاز پر اس فیصلے سے گھریلو صارفین اور کاروباری طبقہ دونوں کو نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی تصدیق کے لیے اوگرا اور وزارتِ خزانہ کے سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔