کاروباری منڈیوں میں خوشگوار رجحان
Pakistan Stock Exchange today
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا، جبکہ تبادلہ مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تیزی غالب رہی، پہلے سیشن کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 376 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 450 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق بینکاری، توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے رجحان نے انڈیکس کو سہارا دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد انڈیکس بلند ترین سطح تک پہنچا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر منافع سمیٹنے کے باعث انڈیکس میں معمولی کمی واقع ہوئی، اس کے باوجود مجموعی طور پر مارکیٹ کا رجحان مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر مسلسل دباؤ کا شکار ہے، بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں مزید 4 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 280 روپے 17 پیسے پر آ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جہیز پر پابندی کا بل قومی اسمبلی کمیٹی نے مسترد کر دیا

 

 

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدات میں کمی، ترسیلاتِ زر میں بہتری اور معاشی استحکام کے اشاروں کے باعث روپے کی قدر کو تقویت مل رہی ہے۔

معاشی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید استحکام دیکھنے میں آ سکتا ہے، جو مجموعی معیشت کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔