کمپنی ترجمان کے مطابق سوزوکی کلٹس کے تمام ویریئنٹس اس وقت مارکیٹ میں فوری ڈیلیوری کے ساتھ دستیاب ہیں، تاہم حتمی دستیابی ہر شہر میں ڈیلرشپ کے اسٹاک سے مشروط ہوگی۔
قیمتوں سے متعلق جاری کردہ تفصیل کے مطابق سوزوکی کلٹس AGS (آٹو گیئر شفٹ) جو کہ ٹاپ آف دی لائن ویریئنٹ ہے، اس کی قیمت 45 لاکھ 91 ہزار 460 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس ماڈل میں 998 سی سی پیٹرول انجن کے ساتھ آٹومیٹک گیئر شفٹ سسٹم دیا گیا ہے، جو ٹریفک میں بغیر کلچ کے آرام دہ ڈرائیونگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔
اس گاڑی میں 2 ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (ABS)، الائے ویلز، فوگ لائٹس، پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور سائیڈ مررز جیسی جدید سہولیات شامل ہیں۔
دوسری جانب سوزوکی کلٹس VXR (مینول) کی قیمت 40 لاکھ 89 ہزار 490 روپے جبکہ سوزوکی کلٹس VXL (مینول) کی قیمت 43 لاکھ 59 ہزار 160 روپے رکھی گئی ہے۔ تینوں ویریئنٹس میں 998 سی سی پیٹرول انجن دیا گیا ہے جو بہتر فیول ایوریج اور کم مینٹیننس کے باعث صارفین میں مقبول سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کی اہم شاہراہوں پر رکشہ کا داخلہ ممنوع قرار
واضح رہے کہ سوزوکی کلٹس کا انجن خاص طور پر شہری ڈرائیونگ اور روزمرہ سفر کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، مینول ویریئنٹس بہتر کنٹرول اور نسبتاً بہتر فیول ایوریج فراہم کرتے ہیں، جبکہ AGS ویریئنٹ ٹریفک میں ڈرائیونگ کو آسان بنا دیتا ہے۔
گاڑی کے اندرونی حصے میں ایئر کنڈیشنر، پاور اسٹیئرنگ، پاور ونڈوز اور کی لیس انٹری جیسی سہولیات موجود ہیں، جبکہ VXL اور AGS ماڈلز میں اضافی طور پر الائے ویلز اور ABS بھی فراہم کیا گیا ہے، حفاظت کیلئے تمام ویریئنٹس میں انجن اموبلائزر بھی شامل ہے۔