شہر کے مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت 700 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقے کیلئے دو وقت کی مناسب غذا کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق زندہ مرغی 470 روپے فی کلو تک دستیاب ہے، جبکہ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 416 روپے فی کلو مقرر ہے۔ اسی طرح مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 630 روپے فی کلو ہے، تاہم عملی طور پر سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آ رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں، سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہو چکے ہیں جبکہ بازار میں قیمتیں اپنی مرضی سے بڑھائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما ملک ظریف نے کہا کہ مرغی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ طلب اور رسد میں عدم توازن ہے، موسم کی تبدیلی، فیڈ کی قیمتوں میں اضافہ اور پیداوار میں کمی کے باعث مرغی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کا براہ راست اثر قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ مہنگی،14 سستی
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔