اسٹاک مارکیٹ نئی تاریخ رقم کر گئی، ڈالر مزید سستا
Pakistan stock market record
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے جس کے بعد مارکیٹ نے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔

ساتھ ہی تبادلہ مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں میں اعتماد بڑھتا نظر آ رہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، پہلے سیشن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 417 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 72 ہزار 221 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں مختلف شعبوں، خصوصاً بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سیکٹر کے حصص میں خریداری کا دباؤ دیکھا گیا، جس نے مجموعی طور پر مارکیٹ کو سہارا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی تھی اور دن کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 71 ہزار 804 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مسلسل تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟

دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے سستا ہو گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 280 روپے 20 پیسے پر آ گئی۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی تیزی اور ڈالر کی قدر میں کمی مجموعی معاشی استحکام کی علامت ہو سکتی ہے، تاہم اس رجحان کو برقرار رکھنے کیلئے پالیسیوں میں تسلسل اور معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں۔