آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کی کوششیں تیز
حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اور شرط پوری کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اور شرط پوری کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے نیٹ میٹرنگ کو محدود کرنے کیلئے پروسومر ریگولیشنز 2025 کا مسودہ جاری کر دیا۔

نیپرا کی جانب سے نیٹ میٹرڈ سولر پاور صارفین کے سائز، مدت اور ادائیگی کی شرح میں تقریباً نصف تک کمی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ان ضوابط کی منظوری کے بعد متبادل اور قابلِ تجدید توانائی تقسیم شدہ پیداوار اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 کو منسوخ کیا جائے گا ، نیپرا نے 2015 کے قانون کو منسوخ کرنے سے قبل نئے ضوابط پر 30 دن میں تجاویز طلب کر لیں۔

مسودہ میں نئے معاہدوں کی مدت سات سال سے کم کر کے پانچ سال کرنے کی تجویز ہے، نئے ضوابط کے تحت صارفین کو اپنے اصل منظور شدہ لوڈ سے زیادہ صلاحیت کا سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دس کلوواٹ کا صارف صرف 10 کلوواٹ تک کا سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کر سکے گا، نیٹ میٹرنگ صارفین کو اوسط قومی انرجی پرچیز پرائس دی جائے گی ، اس سے نیٹ میٹرنگ صارفین کو 26 روپے فی یونٹ کی بجائے 13 روپے فی یونٹ ادائیگی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک نمایاں کمی

مسودہ کے مطابق ڈسکوز زیادہ نیٹ میٹرنگ والے فیڈرز پر مزید درخواستوں کو مسترد کر سکیں گے۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ پروسومرز وہ صارفین ہیں جو بیک وقت سولر بجلی کے پیدا کنندہ اور صارف ہیں ، اس وقت سسٹم سے منسلک سولر نیٹ میٹرنگ کی صلاحیت 6 ہزار میگاواٹ ہے، آف گرڈ سولر کو شامل کرنے سے صلاحیت 13 ہزار میگاواٹ ہو جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے شمسی توانائی کی صلاحیت کی حد میں 50 فیصد کمی واقع ہو جائے گی ، اقدام مہنگے پاور یوٹیلیٹی کاروبار کو زوال سے بچانے کی کوشش ہے۔