اوگرا کا آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے دسمبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے دسمبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

اوگرا کی جانب سے ماہ دسمبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دسمبر کیلئے آر ایل این جی کی قیمتوں میں 5.9 فیصد کی کمی کی گئی ہے،سوئی ناردرن کے لیے قیمت میں 4.61 فیصد کمی کر دی گئی، سوئی ناردرن کا آر ایل این جی ٹیرف 11.82 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔

اوگرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سوئی سدرن کے لئے آر ایل این جی کی قیمت میں 5.90 فیصد کمی کر دی گئی، سوئی سدرن کے لیے آر ایل این جی کی قیمت 10.77 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: سمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک نمایاں کمی

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں منفی رجحان جاری ہے، جس کے اثرات ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر 2025 سے شروع ہونے والے آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے، پٹرول کی قیمت میں 0.36 روپے فی لٹر کی معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.85 روپے فی لٹر تک نمایاں کمی متوقع ہے۔