پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیلئے بُری خبر
پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیلئے بُری خبر
Punjab property tax
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ ایکسائز پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے حتمی نوٹسز جاری کر دیے۔

حکام کے مطابق 31 دسمبر تک ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والی پراپرٹیز کو سربمہر کر دیا جائے گا، جبکہ کمرشل ڈیفالٹرز سے وصولی کیلئے عملی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے تین ریجنز میں مقررہ 18 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک پونے 9 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

اسی طرح پنجاب بھر میں 73 ارب روپے کے مجموعی ہدف میں سے ساڑھے 37 ارب روپے کی وصولی ہو چکی ہے، ٹیکس نیٹ کو مزید مؤثر بنانے اور وصولیوں میں تیزی لانے کیلئے فیلڈ آپریشنز کو بڑھایا جا رہا ہے۔

محکمہ ایکسائز کی جانب سے واضح کیا گیا کہ یکم جنوری سے ڈیفالٹرز سے جرمانے کے ساتھ ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ بڑے نادہندگان کو جائیداد کی قرقی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بغر سود قسطوں پر ہنڈا موٹرسائیکلز حاصل کریں

 

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے تمام ڈائریکٹرز کو فیلڈ میں موجود رہنے اور کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران محکمہ ایکسائز نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اب تک پونے 11 ارب روپے اضافی وصول کیے ہیں، جو کارکردگی میں نمایاں بہتری کا ثبوت ہے۔

محکمہ ایکسائز نے شہریوں اور کاروباری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت پراپرٹی ٹیکس ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔