اسٹاک مارکیٹ میں استحکام برقرار، ڈالر سستا ہوگیا
pakistan stock market
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی استحکام اور مثبت رجحان برقرار رہا، جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر مزید کم ہونے کے بعد روپے کی مثبت رفتار جاری ہے۔

جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ 100 انڈیکس میں 242 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 168,817 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق حالیہ کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور معاشی پالیسیوں پر اعتماد سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی کاروبار کے ابتدائی سیشن میں تیزی دیکھی گئی تھی، تاہم دن کے اختتام پر انڈیکس دباؤ کا شکار ہو کر منفی زون میں چلا گیا، اس کے باوجود موجودہ ہفتے کے اختتامی روز مارکیٹ کا مثبت آغاز سرمایہ کاروں کیلئے حوصلہ افزا ثابت ہوا۔

دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بھی برقرار ہے، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے سستا ہو کر 280 روپے 30 پیسے کی سطح پر آ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:25 ہزار انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی، خوش نصیبوں کا اعلان

 

 

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور درآمدی اخراجات میں کمی کا امکان ہے جبکہ روپے کی قدر میں بہتری ملکی معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں استحکام اور روپے کی مضبوطی آنے والے دنوں میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔