رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور اعتماد دیکھنے میں آیا۔
ٹریڈنگ کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی اور 1006 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 70 ہزار 462 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ 1 لاکھ 69 ہزار 456 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جس کے بعد آج کا اضافہ ایک نئی بلند ترین سطح ثابت ہوا۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط کے اجراء نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ، معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور بیرونی مالیاتی امداد کی توقع بھی مارکیٹ کو سہارا دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی وملکی صرافہ بازاروں میں سونا سستا
دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے، انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے سستا ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 35 پیسے ریکارڈ کی گئی ہے۔
روپے کی قدر میں بہتری سے درآمدی اخراجات کم ہونے اور مہنگائی پر دباؤ میں کمی کی امید کی جا رہی ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ دونوں میں مزید بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔