آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونا 2300 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی نئی قیمت 442,162 روپے مقرر کی گئی، اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1,972 روپے کمی کے بعد 379,082 روپے کی سطح پر آ گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں معمولی بہتری اور عالمی منڈی میں کمزور رجحان کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔
چاندی کی بات کی جائے تو آج بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 6,072 روپے پر برقرار رہی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں بھی کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کی طلب میں کمی کے باعث اس کی قیمتوں میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں چینی کی قیمت میں کمی ریکارڈ
رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 23 ڈالر سستا ہو کر فی اونس 4,198 ڈالر پر آ گیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سرمایہ کار اس وقت سونے کے بجائے دیگر مالیاتی اثاثوں کی طرف توجہ دے رہے ہیں، جس کا اثر عالمی گولڈ ریٹس پر پڑ رہا ہے۔
سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ نے مقامی خریداروں کو بھی محتاط کر دیا، جبکہ صرافہ مارکیٹوں میں آج کاروباری سرگرمیاں معمول سے کم دیکھی گئیں۔