ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، ایک ہفتے میں 14 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں جبکہ 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.73 فیصد اضافہ ہو گیا، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 4.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں دال مونگ 1.9 فیصد اور گھی ایک فیصد مہنگا ہو گیا، ایک سہ ماہی میں بجلی 11.1 فیصد اور ایل پی جی 3.5 فیصد مہنگی ہو ئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کیلا، کھانے پکانے کا آئل، پاوڈر دودھ اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کا بتانا ہے کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 28.4 فیصد، پیاز 10 فیصد اور آلو 4.6 فیصد سستے ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کمی کا امکان
دوسری جانب تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز 5 لٹر کوکنگ آئل کے ڈبے کی قیمت میں 100 روپے، 16 لٹر درجہ اول کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت میں 150 روپے، درجہ دوم 16 لٹر کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت میں 150 روپے اور درجہ سوم 16 لٹر کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے سے 5 لٹر کوکنگ آئل کے ڈبے کی قیمت 2 ہزار 760 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 860 روپے ، درجہ اول 16 لٹر کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت 8 ہزار 420 روپے سے بڑھ کر 8 ہزار 570 روپے ہو گئی۔
اسی طرح درجہ دوم 16 لٹر کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت 8 ہزار 150 روپے سے بڑھ کر 8 ہزار 300 روپے اور درجہ سوم 16 لٹر کوکنگ آئل کے کنستر کی قیمت 7 ہزار 800 روپے سے بڑھ کر 8 ہزار روپے ہو گئی ہے۔