کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس میں 645 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 162,871 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا تھا، جس کے باعث انڈیکس نے ایک لاکھ 62 ہزار کی حد عبور کی تھی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مثبت سوچ اور ملکی اقتصادی صورتحال میں بہتری کے آثار کے باعث سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ مختلف شعبوں میں کمپنیوں کے حصص میں قیمتوں کا اضافہ بھی انڈیکس کی مضبوطی کی بڑی وجہ بنا۔
دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بھی بہتری دیکھنے کو ملی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 280 روپے 60 پیسے پر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سونا ہزاروں روپے مہنگا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
ماہرین کے مطابق روپے کی مضبوطی کا یہ رجحان ملکی اقتصادی پالیسیوں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈالر کی کمزوری کے اثرات کی وجہ سے ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مضبوطی سرمایہ کاروں اور عام عوام کیلئے خوش آئند ہے، کیونکہ یہ ملکی معیشت میں اعتماد کو بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔ مارکیٹ میں یہ مثبت رجحان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔