جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے آغاز پر کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار رہا اور انڈیکس بڑھ کر 1,59,393 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس 1,59,096 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج سرمایہ کاروں کے بہتر اعتماد اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے کے باعث انڈیکس میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق حکومت کی معاشی پالیسیوں میں استحکام، روپے کی قدر میں بہتری اور مالیاتی شعبے میں مثبت اشاروں کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ صنعتی و توانائی شعبوں کے حصص میں تیزی نے مجموعی انڈیکس کو اوپر جانے میں مدد دی۔
یہ بھی پڑھیں:انکم ٹیکس فائلرز کیلئے خصوصی سہولت کا اعلان
ابتدائی سیشن میں کاروباری حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا جبکہ کئی بڑے سرمایہ کاروں نے بینکنگ، آئل اور ٹیکنالوجی سیکٹر کے شیئرز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں انڈیکس 1,60,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر سکتا ہے، مارکیٹ کی یہ تیزی ملکی معیشت کیلئے ایک حوصلہ افزا اشارہ اور مستقبل قریب میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔