پاکستان سمیت عالمی منڈی میں سونا ایک بار پھر مہنگا
پاکستان سمیت عالمی منڈی میں سونا ایک بار پھر مہنگا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
پاکستان سمیت عالمی منڈی میں سونا ایک بار پھر مہنگا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت عالمی منڈی میں سونا ایک بار پھر مہنگا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی قدر میں کمی اور خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کے باعث ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 500 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 19 ہزار 862 روپے تک جا پہنچی ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی تقریباً 3 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ ملکی صرافہ مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے مقامی مارکیٹ پر براہ راست اثر ڈالا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

عالمی منڈی میں سونا 35 ڈالر فی اونس مہنگا ہو کر 3 ہزار 975 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق، موجودہ عالمی معاشی حالات، مشرقِ وسطیٰ کی جغرافیائی کشیدگی، امریکی معیشت میں سست روی اور سرمایہ کاروں کے محفوظ اثاثوں کی جانب رجحان میں اضافے نے سونے کی قیمتوں کو مزید اوپر دھکیل دیا ہے۔

ملک میں مقامی سطح پر روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، درآمدی لاگت میں اضافہ، اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت نے بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کو مزید تقویت دی ہے۔ پاکستان میں شادیوں کے سیزن کے قریب آنے کے باعث سونے کی مانگ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 ہزار روپے فی تولہ سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اگر عالمی منڈی میں یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 25 ہزار روپے کی سطح کو بھی عبور کر سکتا ہے۔