تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 1432 پوائنٹس کی نمایاں کمی کے ساتھ ایک لاکھ 61 ہزار 871 پوائنٹس پر آ گیا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کمانے کے دباؤ اور غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث فروخت کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 63 ہزار 304 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ کا موڈ منفی ہو گیا جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد پر بھی اثر پڑا۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک پیسہ کمی کے بعد ڈالر 281 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے، تاہم اس کی شدت محدود رہ سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور اندرونی مالی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، جس کا اثر اسٹاک مارکیٹ کے رجحان پر واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔