روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
roti naan price hike
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا۔

تندور مالکان نے از خود روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن سامنے نہیں آیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت 15 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کر دی،اسی طرح نان اب 25 روپے کے بجائے 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

کلچے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جو 30 روپے سے بڑھ کر 40 روپے ہو گیا جبکہ پراٹھا اب 50 روپے کے بجائے 60 روپے میں دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ کسی سرکاری نوٹیفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے اور انتظامیہ نے تاحال اس خود ساختہ مہنگائی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی، پہلے ہی آٹا، گھی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے مشکلات بڑھا رکھی ہیں، اب روٹی اور نان مہنگے ہونے سے عام آدمی کیلئے دو وقت کا کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیمتوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور جلد چیکنگ مہم شروع کی جائے گی تاکہ منافع خوروں کیخلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔