حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ
 وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم کی قیمت میں 5 روپے 66 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی، ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ 39 پیسے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 74 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات بارہ بجکر ایک منٹ پر کردیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 2 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 42 پیسے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 26 پیسے فی لٹر کمی کے بعد 181 روپے71 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوگیا

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی ہیں، گزشتہ چند ہفتوں میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 4 سے 5 ڈالر تک کی کمی دیکھنے میں آئی جس کا براہ راست اثر مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر کمی کی تھی ۔