برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ
broiler meat price hike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رک نہ سکا، شہر میں مرغی کا گوشت ایک بار پھر مہنگا ہو گیا۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج برائلر مرغی کا گوشت 16 روپے فی کلوگرام مہنگا ہو گیا، جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 475 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ صرف دو روز کے دوران گوشت کی قیمت میں 24 روپے فی کلوگرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر فارم ریٹ 300 روپے فی کلو، ہول سیل ریٹ 314 روپے اور پرچون ریٹ 328 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اس تیزی نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ پہلے ہی سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

دوسری جانب درجن انڈوں کی قیمت میں بھی 8 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد انڈوں کا نیا ریٹ 315 روپے فی درجن مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں شاندار ریکوری، ڈالر بھی نیچے آگیا

برائلر فیڈ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافے کے باعث گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے مؤثر قیمت کنٹرول نہ ہونے کے باعث عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

شہریوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو کچھ ریلیف مل سکے۔