اسٹاک مارکیٹ میں شاندار ریکوری، ڈالر بھی نیچے آگیا
Pakistan Stock Exchange rise
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں استحکام کے ساتھ انڈیکس ایک بار پھر ایک لاکھ 66 ہزار کی حد عبور کر گیا جبکہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر بھی سستا ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی 100 انڈیکس میں 980 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 166,246 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا رجحان برقرار رہا تھا، جس کے باعث انڈیکس کچھ دیر کیلئے ایک لاکھ 66 ہزار کی سطح سے نیچے آگیا تھا، تاہم آج سرمایہ کاروں کے مثبت ردعمل اور خریداری کا رجحان مارکیٹ کو دوبارہ اوپر لانے میں معاون رہا۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ سے بھی خوشخبری ملی، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق امریکی ڈالر 10 پیسے سستا ہونے کے بعد 281 روپے 11 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برائلر گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ اور روپے دونوں میں بہتری سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد، درآمدی دباؤ میں کمی اور بہتر مالی نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں ملکی معیشت میں مزید بہتری کے امکانات روشن ہیں۔