اسٹاک مارکیٹ میں شاندار ریکوری،ڈالر بھی سستا ہوگیا
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی کے بعد شاندار ریکوری دیکھی گئی،جبکہ ڈالر کی قدر میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 227 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 1 لاکھ 69 ہزار کی سطح دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں دباؤ دیکھا گیا اور یہ 1 لاکھ 67 ہزار 245 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا تھا، تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے سے مارکیٹ نے تیزی کا رجحان اختیار کیا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق انڈیکس اس وقت 1 لاکھ 69 ہزار 217 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے رجحان کے باعث مارکیٹ میں استحکام واپس آگیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری اور کاروباری اعتماد کی بحالی نے مارکیٹ کو سہارا دیا ہے، جبکہ حکومتی معاشی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مرغی اور انڈے دونوں مہنگے، نئی قیمت کیا؟

دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد امریکی ڈالر 281 روپے 16 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق زرمبادلہ کی مارکیٹ میں دباؤ کم ہونے سے روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو سرمایہ کاری کے ماحول میں مزید بہتری متوقع ہے۔