
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبریں گمراہ کن ہیں، ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا رہی، بعض عناصر نے اس مبینہ توسیع کو حالیہ سیلاب سے بھی جوڑنے کی کوشش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان
ایف بی آر کا کہنا تھا کہ یہ خبریں جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی، زیادہ تر ٹیکس دہندگان ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جو سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے، ان کے پاس ریٹرن جمع کرانے کے لیے مناسب وقت موجود رہا ہے تاکہ وہ اپنی قومی ذمہ داری پوری کر سکیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ آئی آر آئی ایس سسٹم کی سست رفتاری سے متعلق خبریں بھی بے بنیاد ہیں، ایف بی آر کا آئی آر آئی ایس پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال اور بغیر کسی رکاوٹ کے کام کر رہا ہے، ٹیکس دہندگان نئے، آسان بنائے گئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے با آسانی اپنا ریٹرن جمع کرا سکتے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کو خبردار کیا جاتا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد ریٹرن جمع نہ کرانے کی صورت میں انہیں لیٹ فائلر کا درجہ دے دیا جائے گا، ان پر قانون کے تحت جرمانے عائد کیے جائیں گے، تمام اہل ٹیکس دہندگان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور 30 ستمبر سے پہلے درستگی اور ایمانداری کے ساتھ اپنا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں، انتہائی مجبوری کی صورت میں، ٹیکس دہندگان واجب الادا ٹیکس کی متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے، پندرہ دن تک ریٹرن فائل کرنے کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔



