پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان
Petroleum prices hike Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے۔

آئل انڈسٹری نے قیمتوں سے متعلق اپنی ورکنگ مکمل کرلی ہے اور اوگرا نئی سمری وزارتِ خزانہ کو بھیجے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کل حتمی اعلان کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوسکتا ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپے 76 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ پندرہ روز قبل حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھی تھی تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

معاشی ماہرین کے مطابق ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست ٹرانسپورٹ اور زرعی لاگت پر اثر انداز ہوگا، جس سے عام شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور ڈالر کے اتار چڑھاؤ نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو براہِ راست متاثر کیا ہے۔ اگر حکومت نے قیمتوں میں اضافہ منظور کرلیا تو آئندہ ماہ عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔