مرغی کی سپلائی معطل، پولٹری ایسوسی ایشن کا باضابطہ اعلان
Karachi poultry supply suspended
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ بلوچستان پولٹری ہول سیل ایسوسی ایشن سائوتھ زون نے مرغی کی سپلائی بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظریف اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خراب موسمی حالات اور راستوں کی بندش کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولٹری فارم زیادہ تر کچے کے علاقوں میں واقع ہیں جہاں بارش کے بعد راستے کیچڑ سے بھر جاتے ہیں اور مال بردار گاڑیاں اکثر پھنس جاتی ہیں یا الٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے بلکہ لیبر بھی زخمی ہو جاتی ہے۔

ملک ظریف اعوان نے کہا کہ ایسوسی ایشن مسلسل ان نقصانات کا سامنا کر رہی ہے، اب مزید برداشت کرنا ممکن نہیں۔ لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک راستے بہتر اور محفوظ نہیں ہو جاتے، اس وقت تک پولٹری فارم سے کراچی سپلائی نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سبزیوں کے بعد مرغی بھی مہنگی

اس اعلان کے بعد کراچی میں مرغی اور اس کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ شہری پریشانی میں مبتلا ہیں کہ روزمرہ استعمال کی یہ اہم ترین چیز اچانک مارکیٹ سے غائب ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب تاجروں اور صارفین کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ فوری طور پر کچے کے راستوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ نہ صرف سپلائی کا نظام بحال ہو بلکہ پولٹری کاروبار سے وابستہ افراد بھی نقصانات سے بچ سکیں۔