
شہر میں مرغی کے گوشت اور زندہ مرغی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت 60 روپے اضافے کے بعد 620 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ زندہ مرغی 100 روپے اضافے کے ساتھ 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب مارکیٹ میں دکاندار سرکاری نرخنامے کو نظرانداز کر کے اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 620 روپے فی کلو اور زندہ مرغی کا ریٹ 400 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں دکاندار گوشت 680 روپے اور زندہ مرغی 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے مرغی کی سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اگر سپلائی کا تسلسل بحال ہو جائے تو قیمتیں دوبارہ کم ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: 25 ہزار روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کے بعد اب مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی قوتِ خرید سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف مل سکے۔



