نیپرا کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ڈسکوز صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں ایک روپیہ 79 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی جولائی کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر ہوگا تاہم لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر نئی قیمتیں لاگو نہیں ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ بجلی صارفین کو ریلیف ستمبر کے بلوں میں ملے گا، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جولائی کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

نیپرا نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے سے صارفین کو تقریباً ساڑھے 24 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔  

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں پر ٹیکسز ختم کرنے کی تیاری شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز کے خاتمے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر جنرل سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی ہٹانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اس کے علاوہ انکم ٹیکس، مزید ٹیکس، فاضل ٹیکس اور ریٹیلر سیلز ٹیکس ختم کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔