سیلاب کے اثرات، اشیائے ضروریہ مہنگی
Flood Impact on Prices
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں حالیہ سیلاب کے باعث طلب اور رسد میں کمی کے اثرات براہِ راست اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑنے لگے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.62 فیصد اضافے سے بڑھ کر 3.57 فیصد تک پہنچ گئی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ سبزیوں اور بنیادی خوراک میں دیکھنے میں آیا۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 18 روپے بڑھ گئی اور اوسطاً 140 روپے سے تجاوز کر گئی۔

گندم کے آٹے کا 20 کلو تھیلا 198 روپے مہنگا ہو کر اوسطاً 1829 روپے میں فروخت ہوا۔ زندہ برائلر چکن 15 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 470 روپے سے اوپر چلا گیا۔ اسی طرح چینی کی قیمت 25 پیسے اضافے سے اوسطاً 181 روپے 59 پیسے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹماٹر 15 فیصد، آٹا 12 فیصد اور مرغی 3.36 فیصد تک مہنگی ہوئی۔ اسی طرح آلو ڈیڑھ فیصد اور انڈوں کی قیمت ایک فیصد بڑھ گئی۔ اس کے علاوہ بیف، لہسن، ایل پی جی، کپڑوں اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

زیرِ جائزہ ہفتے کے دوران 6 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، جن میں دال ماش، دال مسور، دال چنا، کیلا، گھی اور پیاز شامل ہیں، جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

ماہرین کے مطابق سیلاب کے باعث رسد متاثر ہونے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔