
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 943 روپے بڑھ گئی ہے، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 11 ہزار 814 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 12 ڈالر بڑھ کر 3411 ڈالر فی اونس ہو گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معیشت میں غیر یقینی صورت حال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش نے سونے کی قیمتوں کو اوپر کی جانب دھکیل دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر سستا ہوگیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے زیورات کی خریداری کرنے والے صارفین پر بوجھ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر شادیوں کے سیزن میں خریداروں کیلئے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ تاہم سرمایہ کاروں کیلئے یہ اضافہ سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید پرکشش بنا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔