اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر بھی سستا
Pakistan stock market today
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جبکہ ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث مارکیٹ میں مثبت سرگرمی دیکھنے میں آئی جس نے کاروباری فضا کو مزید مستحکم کیا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس 602 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 49 ہزار 37 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے اور حکومت کی جانب سے اقتصادی پالیسیوں میں استحکام لانے کے اقدامات اس بہتری کا باعث بن رہے ہیں۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی خوش آئند صورتحال سامنے آئی، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد امریکی کرنسی 281 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی روپے کے استحکام کی طرف ایک مثبت اشارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 سال پرانی گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹیز عائد کرنے کا فیصلہ

اسٹاک مارکیٹ اور روپے کی قدر میں بہتری معیشت کیلئے امید کی کرن ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔