
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عمرکوٹ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں بے قابو ہو کر 7ویں سنچری بھی عبور کر چکی ہیں، ہفتہ قبل 650 روپے فی کلو فروخت ہونے والا برائلر گوشت اب 700 سے 750 روپے فی کلو تک بکنے لگا ہے۔
منافع خور مہنگائی کے ستائے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، شہر بھر میں بیشتر دکان داروں نے سرکاری لسٹ بھی آویزاں نہیں کی۔
مارکیٹ میں گوشت خریدنے کی غرض سے آئے شہریوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے مرغی کا گوشت خریدنا خواب بن گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ہفتے میں سبز مصالحہ جات سمیت 18 اشیائے ضروریہ مہنگی
ایک شہری کا کہنا تھا کہ ہر روز سبزی کھاتے ہیں آج بچوں نے گوشت کی فرمائش کی تھی لیکن نرخ سن کر مایوس ہوں۔
دوسری جانب پنجاب کے بعض اضلاع میں بھی برائلر کی من چاہی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں، بعض شہروں میں تو برائلر گوشت 650 روپے جبکہ صافی گوشت 750 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
پنجاب میں انڈوں کی قیمتیں برقرار ہیں، مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 295 روپے میں فروخت کیے رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 8 ہزار 730 روپے میں دستیاب ہے۔