ایک ہفتے میں سبز مصالحہ جات سمیت 18 اشیائے ضروریہ مہنگی
 حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ایک ہفتے کےدوران آٹا اور سبز مصالحہ جات سمیت 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ایک ہفتے کےدوران آٹا اور سبز مصالحہ جات سمیت 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.01 فیصد کمی جبکہ مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 19.8 فیصد جبکہ پیاز 11 فیصد مہنگے ہو گئے ،گندم کے آٹے کی قیمت میں 9.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مرغی 3.6 فیصد مہنگی ہو گئی، لہسن 2.3 فیصد، ایل پی جی 1.4 فیصد اور چینی 1.2 فیصد مہنگی ہو ئی۔

یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کےدوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 21 روپے تک کا اضافہ ہوا، پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے اضافہ ریکارڈ کی گیا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 140 روپے تک مہنگا ہوا ، لہسن کی فی کلو قیمت میں11 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا ، انڈے، ایل پی جی ، ٹوٹا باسمتی چاول اور تازہ دودھ مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل، بجلی کی فی یونٹ قیمت، دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔