آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
Flour price hike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کی قیمت مزید بڑھ گئی، مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 300 روپے اضافے کے بعد 1700 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آٹے کی قیمت میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دو ہفتے قبل 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400 روپے کا تھا، تاہم اب اس کی قیمت بڑھ کر 1700 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس سے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر شدید دباؤ بڑھ گیا ہے۔

آٹا ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ گندم کے نرخوں میں تیزی سے اضافہ ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 2650 روپے تک جا پہنچی ہے، جو دو ہفتوں کے دوران 300 روپے فی من زیادہ ہے۔ اس اضافے نے آٹے کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ کردیا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا بنیادی ضرورت کی چیز ہے، جس کی قیمت میں بار بار اضافہ براہِ راست عوام کی زندگی کو متاثر کرتا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، ورنہ مہنگائی کی یہ لہر عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی فراہمی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔