
چنگان پاکستان نے برسات کے موسم میں گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لئے ایک عارضی ریلیف پیکج متعارف کروادیا ہے جس کے تحت پچاس فیصد رعایت کے ساتھ گاڑیاں مرمت کروائی جا سکیں گی۔ یہ سہولت 31 اگست 2025 تک مجاز سروس سینٹرز پر دستیاب ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہ ڈسکاؤنٹ چنگان اور ڈیپل دونوں ماڈلز پر ہوگا اور اس کے تحت مزدوری کے اخراجات سمیت بارش کی شدت سے متاثرہ حصوں کی مرمت پر 30 ہزار روپے تک کا ریلیف دیا جائے گا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ اس مہم کا مقصد صارفین کو کم خرچ پر مرمت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس پیکج میں وہ تمام نقصانات شامل ہیں جو بارش کے پانی کی وجہ سے پیش آتے ہیں جیسے برقی خرابیوں کا آنا ، پانی کے داخلے سے انجن کو پہنچنے والا نقصان ، گاڑی کی باڈی پر ڈینٹ یا زنگ لگنا اور دیگر مکینکل مسائل وغیرہ۔ تاہم مرمت پر آنے والے اخراجات اور رعایت کا حتمی فیصلہ سروس سینٹرز کے معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سونا سستا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
کمپنی نے یہ واضح کیا ہے کہ ڈسکاؤنٹ کی سہولت صرف ان گاڑیوں کے لیے موزوں ہوگی جو براہ راست بارش یا موسمی حالات کے باعث خراب ہوئی ہوں۔ مزید یہ کہ تمام مرمت کا کام چنگان کی منظور شدہ ورکشاپ پر کیا جائے گا تاکہ معیاری سروس فراہم کی جا سکے۔



