سونا سستا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
Gold price in Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی و مقامی گولڈ مارکیٹس میں ایک روزہ اضافے کے بعد سونا دوبارہ سستا ہوگیا، جس سے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 55 ہزار 700 روپے فی تولہ ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1286 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 4 ہزار 955 روپے پر آگئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ عالمی سطح پر فی اونس سونا 15 ڈالر سستا ہوکر 3330 ڈالر پر آگیا۔

ماہرین کے مطابق عالمی معیشت میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی شرحِ تبادلہ اور خام تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سونے کی عالمی قیمتوں پر براہ راست اثرانداز ہوتے ہیں۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی وقتی ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کار اب بھی سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھتے ہیں۔ پاکستان میں ڈالر کی قدر اور معاشی صورتحال بھی مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر اثر ڈال رہی ہے۔

سونے کی قیمتوں میں اس کمی کو زیورات خریدنے والوں کیلئے خوش آئند قرار دیا جارہا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں مقامی اور عالمی عوامل کے باعث قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔