دو روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
gold price increase
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں دو روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سرمایہ کاروں اور صارفین کیلئے یہ اضافہ تشویش کا باعث ہے کیونکہ مقامی اور عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 57 ہزار 200 روپے پر پہنچ گیا۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 1715 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 6 ہزار 241 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ کے رجحان سے جڑا ہوا ہے، جہاں قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 20 ڈالر اضافے کے بعد 3345 ڈالر تک جا پہنچی۔ عالمی سیاسی و معاشی حالات اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو براہِ راست متاثر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 78 روپے بڑھ گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4013 روپے فی تولہ ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی کے فی اونس نرخ 0.78 ڈالر اضافے کے بعد 37.80 ڈالر تک پہنچ گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس سے زیورات اور سرمایہ کاری کے شعبے پر براہِ راست اثر پڑے گا۔