سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار سے متجاوز
 پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج نئی تاریخ رقم ہو گئی، پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج نئی تاریخ رقم ہو گئی، پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج دن بھر اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، کاروباری آغاز مثبت زون میں ہوا اور پی ایس ایکس ہنڈرڈ انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے دوران پی ایس ایکس ہنڈرڈ انڈیکس کی کم سے کم سطح ایک لاکھ 48 ہزار 293 پوائنٹس رہی تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

خریداری میں نمایاں دلچسپی آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکنگ، سیمنٹ اور فارما سیوٹیکل سیکٹرز میں دیکھی گئی جبکہ بڑی کمپنیوں جیسے ڈی جی خان سیمنٹ، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ

خیال رہے کہ 28 نومبر 2024 کو سٹاک مارکیٹ نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا تھا،9 ماہ کے دوران انڈیکس میں مزید 50 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے،100 انڈیکس 2 سال میں ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس بڑھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1704 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری آئی ہے، انٹربینک میں امریکی کرنسی مزید 6 پیسے سستی ہوئی، انٹر بینک میں ڈالر 282.02 روپے سے کم ہو کر 281.96 روپے پر آگیا۔