ملک بھر میں سیمنٹ مزید سستا، فی بوری قیمت میں بڑی کمی
cement price in Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تعمیراتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے جس کے باعث سیمنٹ کی مانگ کم ہونے سے اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت میں 36 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سیمنٹ کی بوری کی اوسط قیمت 1412 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ایک سال قبل یہی قیمت 1448 روپے فی بوری تھی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اگرچہ اوسط قیمت میں کمی آئی ہے تاہم مختلف شہروں میں قیمتیں مختلف ہیں۔

اسلام آباد اور کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری سب سے کم 1367 روپے میں فروخت ہورہی ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 1372 روپے ہے۔ فیصل آباد میں سیمنٹ کی بوری 1370 روپے اور پشاور میں 1350 روپے میں دستیاب ہے، جو دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں کم قیمت تصور کی جارہی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں سیمنٹ کی بوری 1443 روپے، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 1440 روپے، سیالکوٹ میں 1430 روپے اور سرگودھا میں 1400 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ ملتان میں اس کی قیمت 1409 روپے ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونا مزید سستا

سندھ کے شہروں میں بھی قیمتوں میں فرق موجود ہے، حیدرآباد میں سیمنٹ کی فی بوری 1427 روپے، سکھر میں 1465 روپے اور لاڑکانہ میں 1407 روپے میں فروخت کی گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ سب سے مہنگا شہر ثابت ہوا جہاں سیمنٹ کی فی بوری 1510 روپے تک جا پہنچی جبکہ خضدار میں اس کی قیمت 1483 روپے رہی۔

ماہرین کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں سست روی آئی ہے جس کی وجہ سے طلب میں کمی اور قیمتوں میں نرمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے اور تعمیرات دوبارہ تیز ہوں گی، قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔