عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونا مزید سستا
gold price drop
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہفتے کے روز بھی برقرار رہا، جس کے باعث سرمایہ کاروں اور صرافہ مارکیٹ کے کاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت فی اونس 9 ڈالر کم ہوکر 3 ہزار 335 ڈالر کی سطح پر آگئی۔ عالمی سطح پر ہونے والی اس کمی کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑا، جہاں فی تولہ سونا 900 روپے کی نمایاں کمی کے بعد 3 لاکھ 56 ہزار 200 روپے پر آگیا۔

اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 771 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار 384 روپے مقرر ہوئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت میں جاری غیر یقینی صورتحال اور کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتیں بھی کمی کا شکار رہیں، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 41 روپے سستی ہوکر 4 ہزار 31 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 36 روپے کی کمی کے بعد 3 ہزار 455 روپے کی سطح پر آگئی۔

یہ بھی پڑھیں:100، 1500 کے انعامی بانڈ جیتنے والے خوش نصیبوں کا اعلان

کاروباری ماہرینکے مطابق اگر عالمی سطح پر ڈالر کی قدر مستحکم رہی تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

تاہم کچھ تجزیہ کار اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ معاشی بحران کی صورت میں سرمایہ کار دوبارہ سونا خریدنے کی جانب رجوع کرسکتے ہیں جس سے قیمتیں دوبارہ بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔