پاکستان کا چینی کی درآمد کے لیے آذربائیجان کی کمپنی سے معاہدہ
ملک میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں حکومت کا آذربائیجان کی کمپنی سے چینی درآمد کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ملک میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں حکومت کا آذربائیجان کی کمپنی سے چینی درآمد کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے آذربائیجان کی کمپنی سوکار کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے، چینی کی درآمد کیلئے سرکار کے ذریعے لیٹر آف کریڈٹ قائم کر دیئے گئے ہیں ۔

اعلامیہ کے مطابق تمام ایل سیز کھولنے کے بعد متعلقہ بینکوں کے ذریعے ترسیل کر دی گئی ہیں، سوکار کے ساتھ تجارتی معاہدے کے تحت یہ کھیپ مرحلہ وار پہنچائی جائے گی ، پہلی کھیپ آئندہ چند ہفتوں میں بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت نے یہ اقدام چینی کے ذخائر میں اضافے کیلئے کیا ہے، اس اقدام سے مستقبل میں کسی ممکنہ قلت یا قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے گا ، درآمدی چینی اوپن مارکیٹ میں رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی ۔

اعلامیہ کے مطابق 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد سے مارکیٹ میں سپلائی کا تسلسل برقرار رہے گا ، درآمدی چینی عالمی معیار کے مطابق ہو گی ، درآمدی چینی مقررہ مدت میں پاکستان پہنچنے کو یقینی بنایا جائے گا ۔