سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
Gold price drop
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 36 ڈالر کی کمی کے بعد 3,361 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے، جس کا فوری اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی پڑا ہے۔

مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں 24 قیراط فی تولہ سونا 3 ہزار 600 روپے کی گراوٹ کے ساتھ 3 لاکھ 58 ہزار 800 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 86 روپے کی کمی دیکھی گئی، جو اب 3 لاکھ 7 ہزار 613 روپے پر ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ، جہاں فی تولہ چاندی 51 روپے کم ہو کر 4 ہزار 13 روپے پر اور دس گرام چاندی 44 روپے کی کمی کے بعد 3 ہزار 440 روپے پر آ گئی ہے۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تعلق عالمی معاشی حالات، امریکی ڈالر کی طاقت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے رجحانات سے ہوتا ہے۔ موجودہ کمی کی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال قرار دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے ڈیجیٹائزیشن کیلئے اقدامات مزید سخت کر دیے

 

 

 

صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اس کمی سے سرمایہ کاروں اور صارفین کو کچھ آرام ملا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو سونا خریدنے کے خواہاں ہیں یا سرمایہ کاری کیلئے سونا خریدنے کے متلاشی ہیں۔

تاہم معاشی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا جارہا ہے کہ سونا ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ہے، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو سمجھ کر حکمت عملی بنانی چاہیے۔