ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا ہزاروں روپے مہنگا
ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج ہزاروں روپے کا اضافہ ہو گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج ہزاروں روپے کا اضافہ ہو گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں آج 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 600 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار 800 روپے پر پہنچ گئی۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں آج 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 658 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 5 ہزار 898 روپے کا ہو گیا۔

دوسری جانب عالمی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونے کے بھاؤ میں 66 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد بین الاقوامی صرافہ مارکیٹوں میں فی اونس سونے کی 3 ہزار 348 ڈالر میں ٹریڈ ہوئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے اضافہ ہوا تھا آج مسلسل دوسرے روز سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے لگی ہیں، زیورات کے خریدار اور درمیانے درجے کے سرمایہ کار اس اچانک اضافے پر پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

گولڈ کے کاروبار سے منسلک دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں سونا مزید مہنگا ہونے کا امکان موجود ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے سونے قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سونے کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، سونے کی خریداری تو عام لوگوں کیلئے محض ایک خواب ہی بنتا جارہا ہے۔