
حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے ایل پی جی کی قیمت میں 3.1 فیصد کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا )نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 87 روپے 71 پیسے کی کمی کی گئی ہے، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 750 روپے 60 پیسے مقرر کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 233 روپے 10 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، گزشتہ ماہ کے مقابلے میں ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے 51 پیسے فی کلو کمی ہوئی۔
اسی طرح سعودی کمپنی آرمکو کی ایل پی جی کی قیمت میں 4.2 فیصد کی کمی ہوئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
خیال رہے کہ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر سستا، اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار
پٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 11 سے 15 روپے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے۔
اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق سمری آج وزارتِ پٹرولیم کو بھجوائی جائے گی جس کے بعد وزیر خزانہ وزیرِاعظم سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔