
ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صنعتی و تجارتی صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے بیک اپ میٹر کی لازمی شرط ختم کر دی۔ اب صارفین صرف ایک "LT TOU" اسمارٹ میٹر نصب کروائیں گے جو جدید اے ایم آئی (AMI) ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا۔
پہلے مرحلے میں یہ سہولت اُن نئے صارفین کو دی جائے گی جو نیٹ میٹرنگ کی درخواست دے رہے ہیں۔ اس فیصلے سے صارفین کو تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار روپے کی بچت ممکن ہوگی، جس میں 45 ہزار روپے میٹر کی لاگت اور 80 ہزار روپے اے ٹی باکس کی قیمت شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ سے پیسے کمانے کا طریقہ
ماہرین توانائی نے لیسکو کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کا یہ فیصلہ صارفین کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے، جو نہ صرف سولر ٹیکنالوجی کو فروغ دے گا بلکہ قابل تجدید توانائی کی طرف عوامی رجحان کو بھی بڑھائے گا۔
واضح رہے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے تناظر میں سولر سسٹمز کی جانب رجحان بڑھ رہا ہے اور لیسکو کی نئی پالیسی صارفین کے لیے ایک قابل عمل اور سستا حل فراہم کر رہی ہے۔