پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے مستقل حل کیلئے وفاقی کابینہ کا تاریخی فیصلہ
 وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے مستقل حل کیلئے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے مستقل حل کیلئے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کمرشل بینکوں سے کم ترین شرح سود پر 1275ارب روپے قرض کی منظوری دے دی ، پلان کے تحت 1275ارب روپے کمرشل بینکوں سے حاصل کیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ رقم کمرشل بینکوں سے تاریخ کی کم ترین شرح سود تین ماہ سے 0.9فیصدکم ریٹ پر ملے گی، پہلی بار گردشی قرض ایک سطح پر رکھنے کی بجائے بینکوں کی مدد سے بتدریج ختم کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ 1275ارب روپے آئی پی پیز اورپاور ہولڈنگ کے قرضے کو ختم کرنے کیلئے استعمال ہوں گے جبکہ بینکوں سے حاصل شدہ 1275 ارب روپے کو بھی آئندہ 6 سال میں ختم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

ذرائع کے مطابق اس اقدام سے قومی خزانے پر کوئی مزید مالی بوجھ بھی نہیں آئے گا، پلان کے تحت 683 ارب روپے کی فنانسنگ سے پاور ہولڈنگ کمپنی کے بقایاجات ادا کئے جائیں گے۔

بینکوں کے قرضے کی واپسی 24سہ ماہی اقساط میں جائے گی، قرضوں کے واپسی کی سالانہ حد 323 ارب روپے مقرر کی گئی ہے،مستقبل میں ریٹ زیادہ ہونے کی صورت میں کل 1.938ٹریلین روپے کی حد مقرر کی گئی ہے۔