
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے اپریل 2024 کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست جمع کرائی ہے۔ نیپرا نے اس حوالے سے سماعت کا شیڈول جاری کر دیا، جو کہ 23 جون کو اسلام آباد میں ہوگی۔ نیپرا کے مطابق درخواست میں 4.69 روپے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست منظور کرلی تو کراچی کے صارفین کو تقریباً 7 ارب 17 کروڑ روپے کا مجموعی ریلیف ملے گا، جو حالیہ مہنگائی کے دور میں ایک بڑی راحت سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ کمی صرف فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر ہوگی اور اس کا اطلاق مخصوص مہینے کیلئے متوقع ہے، مستقل بنیادوں پر نرخوں میں تبدیلی کیلئے الگ طریقہ کار ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 ہزار ارب سے زائد کا بجٹ پیش، تنخواہوں و پنشن میں اضافہ
ماہرین کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ اپریل کے دوران عالمی سطح پر فیول کی قیمتوں میں کمی آئی، جس کا فائدہ صارفین کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے شہری نیپرا کی جانب سے درخواست منظوری کی امید لگائے بیٹھے ہیں، تاکہ انہیں گرمیوں میں بجلی کے بھاری بلوں سے کچھ ریلیف مل سکے۔