
یہ اعلان قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے عوامی مفاد اور اتحادی جماعتوں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ تجاویز پر نظر ثانی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سولر انرجی کے فروغ اور عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے سولر پینلز پر سیلز ٹیکس میں واضح کمی کی جا رہی ہے تاکہ متبادل توانائی کے استعمال کو فروغ ملے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ پر مشاورت کا عمل جاری ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو شامل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کا اختیار صوبوں کے پاس ہے اور وفاق اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔
علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ سندھ کی جامعات کیلئے مختص رقم 2 ارب 60 کروڑ روپے سے بڑھا کر 4 ارب 60 کروڑ روپے کر دی گئی ہے، تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ حکومت نے بجٹ میں پہلے سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز دی تھی، جسے قائمہ کمیٹی خزانہ نے مسترد کر دیا تھا۔ اب نئی پیش رفت سے سولر انرجی کے صارفین کو واضح ریلیف ملنے کا امکان ہے۔