
وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم، سیکرٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات محترمہ امبرین جان، اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں الیکٹرک بائیکس پر حکومتی مراعات سے متعلق مہم کا جائزہ لیا گیا اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت 1 لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی دینے کی مہم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:200 روپے کے انعامی بانڈ کے خوش نصیب کا اعلان
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق حکومت عوام کو الیکٹرک بائیکس پر مراعات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ ایندھن کی لاگت میں نمایاں کمی کا ذریعہ بھی ہیں، مختص کردہ الیکٹرک بائیکس میں سے 25 فیصد خواتین کے لیے مخصوص کی جائیں گی تاکہ شمولیت اور رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ مہم پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے اور کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہوگی۔ آئندہ آنے والی نیو انرجی وہیکل (NEV) پالیسی کے تحت الیکٹرک موٹر سائیکل کے لیے 50 ہزار روپے جبکہ تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے تک کی سبسڈی شامل کی گئی ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں