زندہ برائلر اور گوشت کی قیمتوں کا روزانہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے زندہ برائلر اور گوشت کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے زندہ برائلر اور گوشت کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کونسل کا ساتواں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز ڈیپارٹمنٹ سلمیٰ بٹ،سیکرٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ،سیکرٹری انڈسٹریز محمد عمر مسعود اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

دوران اجلاس یک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں مرغیوں کی مارکیٹ میں دستیابی اور قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مورٹیلٹی فیکٹر کے باعث مرغیوں کی مارکیٹ میں سپلائی میں کمی آئی جس سے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: برائلر گوشت کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

پرائس کنٹرول کونسل نے زندہ مرغی اور گوشت کی قیمتوں کے تعین کے میکانزم میں نظر ثانی کی منظوری دے دی، اب زندہ مرغی اور مرغی کے گوشت دونوں کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن ہوگا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اس حوالے سے کہا کہ پرائس کنٹرول کونسل نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے،عوام کو مرغی کے گوشت کی سستے داموں فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع اور ڈویژنز میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں،مرغی کی مارکیٹوں میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے، پولٹری فارمرز کو مرغیوں کی بیماریوں سے بروقت آگاہی دینا ضروری ہے۔

چودھری شافع حسین کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔